این ایس ایف کے سابق صدر امجد شاہسوار کی پانچویں برسی، پرچم کشائی اور عالمی سطح پر تقریبات کا اعلان

راولاکوٹ (پ ر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق مرکزی صدر کامریڈ امجد شاہسوار کی پانچویں برسی جمعہ کے روز 16 جنوری کو منعقد ہو گی۔ امجد شاہسوار پانچ سال قبل ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں اپنے ہزاروں ساتھیوں کو سوگوار چھوڑ گئے تھے۔ جمعہ کے روز ان کی پانچویں برسی کے موقع پر این ایس ایف کے زیرِ اہتمام جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں ان کی یاد میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ 16 جنوری کو مرکزی صدر این ایس ایف بدر رفیق کی زیر قیادت میں بعد از نمازِ جمعہ سہہ پہر تین بجے ڈی چوک راولاکوٹ سے این ایس ایف کا ایک قافلہ ان کے آبائی قبرستان تراڑ کی طرف ریلی کی شکل میں جائے گا۔ جہاں ان کی قبر پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں مرکزی صدر سمیت ضلع پونچھ سے مرکزی عہدیداران و کارکنان شرکت کریں گے۔

 

راولاکوٹ کے علاوہ مظفرآباد ، باغ، کوٹلی سمیت دیگر اضلاع میں سابق صدر کی یاد میں سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ جموں کشمیر کے علاوہ راولپنڈی، برطانیہ، امریکہ، سعودی عرب، ملائشیا و دیگر بیرونِ ریاست این ایس ایف کی برانچوں کے زیرِ اہتمام مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری ایٹ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مرکزی صدر بدر رفیق کا کہنا تھا کہ امجد شاہسوار کی زندگی جموں کشمیر کی آزادی، طلبہ حقوق کی بازیابی، نوجوانوں و خواتین سمیت محنت کشوں کی تمام پرتوں کے حقوق اور ایک غیر طبقاتی سماج کے قیام کے لئے ایک نڈر و لہو رنگ جدوجہد سے عبارت ہے۔ بدر رفیق کا کہنا تھا کہ سابق صدر کی برسی کے موقع پر ان کی جدوجہد کو موجودہ وقت کے تقاضوں کے تحت آگے بڑھانے کا عزم کرتے ہوئے دنیا بھر میں ان کے ساتھی تجدیدِ عہد کریں گے کہ جموں کشمیر کی مکمل آزادی و خودمختاری، طلبہ، نوجوانوں ، خواتین اور محنت کشوں کی تمام پرتوں کے حقوق حاصل کرنے کے لئے ایک غیر طبقاتی سماج کے قیام تک اس جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے۔