صائمہ بتول
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) اور پیپلز ریولوشنری فرنٹ (PRF) پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر اور دنیا بھر میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے فلسطین اور ایران پر جاری سامراجی جارحیت کے خلاف احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی اور عالمی سطح پر محنت کشوں کی مشترکہ جدوجہد کو فروغ دینا ہے۔
ہجیرہ میں بوائز ڈگری کالج گراؤنڈ سے بعد از افطار ایک مشعل بردار ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی عنایت بیکری کے سامنے جلسہ عام کی صورت میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں طلبہ اور شہریوں نے شرکت کی۔
جلسے سے مرکزی سیکرٹری جنرل ارسلان شانی، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری فیضان عزیز، چیئرپرسن شعبہ نشر و اشاعت صائمہ بتول، پی آر ایف کے مرکزی سیکرٹری مالیات تنویر انور، اور نو منتخب چیئرمین سٹی یونٹ ہجیرہ بلال ریاض سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے امریکہ اور اسرائیل کی سامراجی پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کو جنگوں کی آگ میں جھونکنے کی کوششیں عالمی سرمایہ دارانہ نظام کا تسلسل ہیں۔
اسی موقع پر سٹی یونٹ ہجیرہ کی تنظیمِ نو بھی مکمل کی گئی، جس میں بلال ریاض کو چیئرمین، ایذان مشتاق کو جنرل سیکرٹری، کامریڈ رحمان کو سینئر وائس چیئرمین، کامریڈ نعمان کو وائس چیئرمین، اسامہ ضیافت کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری، ثوبان پرویز کو آرگنائزر، انوش نوشی کو ڈپٹی آرگنائزر، عمر سلطان کو جوائنٹ سیکرٹری، سیاب اقدس کو ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹری، سالار یونس کو سیکرٹری نشر و اشاعت، فرخ شاہ کو ڈپٹی سیکرٹری نشر و اشاعت، زوناش نیئر کو چیئرپرسن اسٹڈی سرکل اور کامران کامی کو سیکرٹری مالیات منتخب کیا گیا۔
کوٹلی میں این ایس ایف جامعہ کوٹلی کے زیرِ اہتمام افطار ڈنر کے بعد سامراجی جارحیت کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا، جس میں مرکزی صدر بدر رفیق، سیکرٹری جنرل ارسلان شانی، جے کے ایل ایف کے زونل جنرل سیکرٹری عابد علی راجہ، سابق سینئر وائس صدر این ایس ایف ناصر مسعود ایڈووکیٹ، جے کے ایل ایف رہنما ایاز بٹ، آزاد امیدوار حلقہ ایل اے 11 ساجد نعیم شوریدہ، نو منتخب ممبر سی سی عبدالوهاب، جامعہ کوٹلی کے چیئرمین رضوان جانی، وائس چیئرمین عبدالمنان، اور جامعہ پونچھ کے چیئرمین امن حبیب سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی محنت کشوں کی یکجہتی پر زور دیا۔ اس موقع پر سابق آرگنائزر جامعہ پونچھ عبدالوهاب کو کوٹلی سے ممبر سی سی منتخب کیا گیا۔
علی سوجل میں بھی احتجاجی ریلی اور جلسہ عام منعقد کیا گیا، جس سے مرکزی صدر بدر رفیق، سابق صدر بشارت علی خان، سیکرٹری جنرل ارسلان شانی، نو منتخب چیئرمین سٹی یونٹ علی سوجل فیضان خان، سابق ممبر سی سی واجد خان، سابق ڈپٹی ایڈیٹر سہیل اسماعیل، اور ڈگری کالج ہجیرہ کے آرگنائزر شرجیل شاہ سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
اس موقع پر علی سوجل سٹی یونٹ کی تنظیمِ نو بھی کی گئی، جس میں فیضان خان کو چیئرمین، سمیع رحیم داد کو نائب چیئرمین، امان شوکت کو جنرل سیکرٹری، حماد خان کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری، حارث منشاء کو آرگنائزر، عمیر منظور کو ڈپٹی آرگنائزر، مصیب عقیل کو جوائنٹ سیکرٹری، کامریڈ بلال کو فنانس سیکرٹری، عبداللہ کو ڈپٹی فنانس سیکرٹری، خیام روشن کو میڈیا سیکرٹری اور ارباب حمید کو انچارج اسٹڈی سرکل مقرر کیا گیا۔
کھائی گلہ میں این ایس ایف کے زیرِ اہتمام افطار ڈنر اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرکزی صدر بدر رفیق، سابق صدر ابرار لطیف، سیکرٹری جنرل ارسلان شانی، انجمن تاجران کھائی گلہ کے صدر ماما ارشد، پی آر ایف کے سینئر رہنما زاہد خان، نو منتخب چیئرمین سٹی یونٹ کھائی گلہ عاشر عثمان، اور چیئرپرسن جامعہ پونچھ امن حبیب سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
اس موقع پر کھائی گلہ یونٹ کی تنظیمِ نو بھی کی گئی، جس میں عاشر عثمان کو چیئرمین، رباب حلیم کو وائس چیئرمین، انیس ظہیر کو جنرل سیکرٹری، علی امجد کو آرگنائزر، طاہر منشاد کو ڈپٹی آرگنائزر، راحت طاہر کو انچارج اسٹڈی سرکل، فہد طارق کو جوائنٹ سیکرٹری، آرش حبیب کو فنانس سیکرٹری اور فیضان ظہیر کو سوشل میڈیا انچارج مقرر کیا گیا۔
برطانیہ کے شہروں لندن اور نوٹنگھم میں بھی این ایس ایف اور پی آر ایف کے زیرِ اہتمام افطار ڈنر اور سیمینار منعقد ہوئے، جن میں اوورسیز طلبہ اور سیاسی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ لندن میں کامریڈ نعمان عارف، اسد فاروق، عدنان شہزاد اور باسط ممتاز شریک ہوئے، جبکہ نوٹنگھم سیمینار میں چیئرمین برطانیہ برانچ کامریڈ آصف سید، سیکرٹری جنرل حسام خالق، غزانش ریاض، صمد صابر، اعصام ندیم، بلال شاہد، رضی اللہ اور حمزہ سمیت پی آر ایف کے رہنما اظہر رزاق اور عرفان یعقوب، اور ترقی پسند رہنما ایاز احمد، عمر حسین، محسن عزیز اور شاہد شریف نے خطاب کیا۔
مظفرآباد میں “سامراجی جنگیں اور تباہ کاری” کے عنوان سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی صدر بدر رفیق اور سیکرٹری جنرل ارسلان شانی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مفید عباسی کو ممبر سنٹرل کمیٹی اور عمر کھوکھر کو ضلعی آرگنائزر نامزد کیا گیا۔
باغ میں “مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال” کے عنوان سے سیمینار ہوا، جس میں چیئرپرسن مالیاتی بورڈ عادل خان، سابق مرکزی صدر بشارت علی خان، سابق ترجمان حارث قدیر، خاور خلیل اور دیگر نے خطاب کیا۔
شوکت آباد میں این ایس ایف اور پی آر ایف کے زیرِ اہتمام افطار ڈنر اور سیمینار منعقد ہوا، جس سے مرکزی صدر بدر رفیق، خلیل بابر (سابق صدر این ایس ایف و امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی ایل اے-22 پونچھ، حلقہ 5)، سابق صدر بشارت علی خان، پی آر ایف کے رہنما داود حسرت، آفتاب سید اور دیگر نے خطاب کیا۔
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران اور خطے کے دیگر ممالک پر جاری جارحیت دراصل سامراجی عزائم کا اظہار ہے، جس کا مقصد خطے کے قدرتی وسائل اور جغرافیائی اہمیت پر کنٹرول قائم کرنا اور اپنے معاشی و سیاسی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں سب سے زیادہ نقصان محنت کش عوام، طلبہ اور عام انسانوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔
این ایس ایف واضح کرتی ہے کہ وہ ہر قسم کی سامراجی جارحیت، جنگی جنونیت اور ریاستی جبر کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور دنیا بھر کے طلبہ و محنت کشوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ان سامراجی جنگوں کے خلاف متحد ہو کر ایک منظم اور انقلابی عالمی مزاحمتی تحریک کو مضبوط کریں، تاکہ امن، انصاف اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جا سکے۔
ساتھ ہی این ایس ایف اس امر پر بھی واضح ہے کہ وہ کسی بھی رجعتی یا آمرانہ ریاستی ڈھانچے، بشمول ایرانی ملائیت، کو کسی قسم کی سیاسی حمایت فراہم نہیں کرتی، اور اس کے بجائے تمام اقوام کے محنت کشوں کی آزادی، جمہوریت اور طبقاتی برابری کی جدوجہد کی حمایت کرتی ہے۔