جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام یکم مئی پر محنت کشوں کے عالمی دن کی مناسبت سے جموں کشمیر کے مختلف شہروں و بیرون ممالک برانچوں کے زیر اہتمام احتجاجی ریلیوں و دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں میں مرکزی صدر، سیکرٹری جنرل، چیف آرگنائزر اور دیگر مرکزی عہدیداران سمیت این ایس ایف کے سرگرم کارکنان نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے سامراجی جنگوں کے خاتمے، عالمی محنت کش طبقے اور جموں کشمیر بھر میں جاری ملازمین کی احتجاجی تحریک سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے محنت کش طبقے کی عالمی تحریک کو مزید منظم و متحرک کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
راولاکوٹ
راولاکوٹ میں مرکزی صدر بدر رفیق اور مرکزی چیئرپرسن سٹڈی سرکل علیزہ اسلم کی قیادت میں این ایس ایف کی احتجاجی ریلی کا آغاز کچہری چوک سے کیا گیا۔ کچہری چوک سے مہنگائی، بے روزگاری، سامراجی جنگوں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، لوڈشیڈنگ و دیگر مسائل کے حوالے سے نکالی گئی ریلی ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں جاری پی ڈبلیو ڈی و دیگر ملازمین کی احتجاجی تقریب میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جہاں ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کی گئی۔

مظفرآباد
دارالحکومت مظفرآباد میں سابق مرکزی صدر راشد شیخ، ڈپٹی چیف آرگنائزر اذان علی اور ممبر سنٹرل کمیٹی مفید عباسی کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ احتجاجی ریلی اپر اڈہ پر پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی جہاں سابق مرکزی صدر سمیت دیگر عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے عالمی محنت کش طبقے، جموں کشمیر بھر کے ملازمین و دیگر محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

کوٹلی
ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن ضلع کوٹلی کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کوٹلی سے ایک احتجاجی ریلی کا آغاز کیا گیا۔ اس احتجاجی ریلی کا اختتام ڈگر ی کالج کوٹلی میں پہنچ کر کیا گیا جہاں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے شرکاء سے این ایس ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارسلان شانی، سیکرٹری جنرل ایکٹا پروفیسر عبد الرحیم، ارشد محمود خان، مسرت اقبال، میڈم ناہید اختر، میڈم روبینہ اقبال و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

باغ
ضلع باغ کے مرکزی شہر میں این ایس ایف نے پی ڈبلیو ڈی، ایپکا اور دیگر ملازم تنظیموں کے اشتراک سے ایک احتجاجی ریلی کا انعقا د کیا۔ اس احتجاجی ریلی میں ملازمین کی بڑی تعداد، این ایس ایف کے عہدیداران و سرگرم کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء سے این ایس ایف کے مرکزی چیف آرگنائزر احسان ذاکر، چیئرمین مالیاتی بورڈ عادل فاروق، پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما ایاز خان اور ملازمین رہنماؤں سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

ہجیرہ
این ایس ایف سٹی یونٹ کے زیر اہتمام کالج گراؤنڈ سے ایک احتجاجی ریلی کا آغاز کیا گیا جس کی قیادت مرکزی جوائنٹ سیکرٹری، چیئرمین سٹی یونٹ و دیگر نے کی۔ کالج گراؤنڈ سے نکالی گئی اس ریلی کا اختتام عنایت بیکرز چوک میں پہنچ کر ایک جلسہ کی صورت میں کیا گیا۔ اس جلسہ عام کے شرکاء سے این ایس ایف کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری فیضان عزیز، سٹی یونٹ کے چیئرمین بلال ریاض، کالج کے آرگنائزر سعد احمد سعدی و دیگر نے خطاب کیا۔

پلندری
ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس احتجاجی ریلی میں این ایس ایف کے ڈپٹی احمر ابرار، معیز خان، سعد ناصر و دیگر نے این ایس ایف کے سرگرم کارکنان کے ہمراہ شرکت کرتے ہوئے ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی اور تمام مطالبات کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔


ہولاڑ
این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے اشتراک سے کوٹلی کے علاقے ہولاڑ میں ایک احتجاجی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس احتجاجی تقریب کے شرکاء سے یاسر لاہوری سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر میں جاری ملازمین کی احتجاجی تحریک سے بھرپور یکجہتی کی اور مطالبات کی غیر مشروط حمایت کا اعلان جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

شوکت آباد (پاچھیوٹ)
پاچھیوٹ کے علاقے شوکت آباد میں این ایس ایف کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس احتجاجی ریلی کی قیادت این ایس ایف کے سابق مرکزی صدر خلیل بابر نے کی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء سے سابق صدر خلیل بابر، سابق ضلعی جنرل سیکرٹری دانش فدا، اسد انور، آفتاب سید و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مختلف مقامات پر منعقد کی گئی احتجاجی ریلیوں و دیگر تقریبات کے شرکاء سے مرکزی صدر این ایس ایف بدر رفیق و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں یوم مئی کے موقع پر احتجاجی ریلیوں و دیگر تقریبات کی ریت این ایس ایف نے ہی ڈالی تھی جو آج تک جاری و ساری ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آج کے دن ان تقریبات کا مقصد سری نگر میں شال بافی کی صنعت سے جڑے محنت کشوں کی عظیم قربانی، شکاگو کے عظیم محنت کش شہداء و دنیا بھر میں محنت کشوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کے دوران شہید ہونے والے عظیم شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ مرکزی صدر و دیگر کا مزید کہناتھا کہ آج کے دن ہم جموں کشمیر میں جاری ملازمین کی احتجاجی تحریک سے بھرپور یکجہتی کرتے ہوئے ان کے تمام مطالبات کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہیں۔ اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ محنت کشوں کی عالمی تحریک کو مزید منظم اور متحرک کرنے کے لئے این ایس ایف کا ہر کارکن اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔ عالمی منظر نامی سے سامراجی جنگوں، ریاستی تشدد، مہنگائی، بے روزگاری، لاعلاجی، تعلیم کے مسائل سمیت تمام مسائل کے خاتمے کے لئے عالمی سامراجی سرمایہ دارانہ نظام کے مکمل خاتمے کے بعد ایک غیر طبقاتی سماج کے قیام تک اس جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے۔ سچے جذبوں کی قسم آخری فتح حق اور سچ کی ہو گی۔